اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے اپنی روانگی کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعظم اور آرمی چیف سب سے پہلے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال وفاقی وزیر امیر مقام نے کیا۔ذرائع کے مطابق، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوات کے بعد بونیر روانہ ہو گئے ہیں تاکہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے اور وہاں موجود عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث اب تک 350 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد 228 افراد بونیر سے ہے، جہاں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ این ڈی ایم اے نے آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی قافلے روانہ کیے ہیں جن میں خیمے، کمبل، جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔این ڈی ایم اے حکام نے بتایا ہے کہ امدادی سامان متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو حوالے کیا جائے گا تاکہ متاثرین میں بروقت تقسیم ممکن ہو سکے۔ این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان پہنچا رہا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کا یہ دورہ متاثرہ علاقوں میں حکومتی سنجیدگی اور عوامی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Shares: