وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیئرمین ایم کیو ایم اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

کراچی سے جاری کیے گئے ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کراچی میں بارش اور اربن فلڈنگ کی صورتِ حال پر گفتگو کی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کراچی میں وفاقی اداروں کو مکمل فعال کرنے کی اپیل کی،وزیرِ اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو کراچی میں مکمل فعال رہنے کی ہدایت دے دی۔

دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کی اور بارش کے دوران بحالی کے کاموں پر میڈیا کو بریف کیا،مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس کے دوران تیز بارش شروع ہوگئی۔ پہلے تو مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر میڈیا والوں کو کوئی مسئلہ نہیں تو وہ بیٹھے ہیں، بارش کے دوران بھی بات کریں گے۔ تاہم اس دوران بارش کا سلسلہ تیز ہوگیا تو بالآخر انہیں پریس کانفرنس ختم کرنا پڑی،میئر کراچی نے کہا کہ کل شہر میں 12 گھنٹوں کے دوران 170 سے لے کر 235 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔ شہر کے برساتی نالوں میں صرف 40 ملی میٹر تک بارش جھیلنے کی گنجائش ہے

علاوہ ازیں ڈی آئی جی کراچی ایسٹ فرخ علی کا کہنا ہے کہ کورنگی کریک کی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، پانی کا بہاؤ بہت زیادہ ہے جس کے باعث کورنگی کریک اور کازوے بند ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ایسٹ فرخ علی نے کراچی کے علاقے کورنگی کا دورہ کیا ہے،اس موقع پر ڈی آئی جی کراچی ایسٹ فرخ علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ٹریفک پولیس سمیت علاقہ پولیس کو تعینات کیا گیا ہے،ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سے 11 ہزار کے قریب نفری نے ساری رات کام کیا ہے، مختلف جگہوں پر کھدائی کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، کورنگی کی مین سڑک کو کھولنا تھوڑا خطرناک ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ اس کو کھول دیں، بارش ہوئی تو کورنگی کی مین سڑک کو دوبارہ بند کر دیں گے، ایئرپورٹ روڈ کھلا ہوا ہے، کئی افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔

Shares: