ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کے علاقے شاہکوٹ میں تھانہ صدر کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
پولیس کو 15 پر اطلاع ملی کہ تین نامعلوم افراد ایک شہری سے واردات کر کے فرار ہو رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ تعاقب کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس نے اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ملزمان اپنے ہی ایک ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ایک ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے واردات میں چھینا گیا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان وہی تھے جنہوں نے گذشتہ روز دو پولیس کانسٹیبلز کو زخمی کر کے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی تھی۔