نارنگ منڈی (نامہ نگار، محمد وقاص قمر)نارنگ میں لیسکو انتظامیہ کی جانب سے کالاخطائی روڈ کے درجنوں دیہات کو سٹی فیڈر میں شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بجلی چوری کا نقصان ایماندار صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔
نارنگ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ نئے شامل کیے جانے والے دیہات میں بجلی چوری کی شرح بہت زیادہ ہے، اور اس کا بوجھ ان صارفین کو اٹھانا پڑے گا جو باقاعدگی سے اپنے بل جمع کراتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگا اور کسی بھی فالٹ کی صورت میں بجلی کی بحالی میں بھی گھنٹوں لگیں گے۔ پہلے سے ہی معمولی فالٹ تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے، نئے علاقوں کی شمولیت کے بعد یہ کام مزید دشوار ہو جائے گا۔
شہریوں نے کہا کہ لیسکو کا یہ فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چند ماہ قبل بھی اسی طرح کی منصوبہ بندی کی گئی تھی جسے عوامی احتجاج کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی نمائندے اس فیصلے پر فوری نوٹس لیں اور اسے واپس کرائیں۔