اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے کوٹ خلیفہ، ترنڈہ روڈ پر ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں بھوسہ سے لدا ایک 18 پہیوں والا ٹریلر اچانک الٹ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی اوچ شریف سے دو ایمبولینسز اور احمد پور شرقیہ سے فائر و ریسکیو گاڑی فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، ٹریلر راولپنڈی سے کراچی جا رہا تھا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
حادثے کے وقت ٹریلر پر موجود ایک شخص، جس کی شناخت عابد حسین ساکن چکوال کے طور پر ہوئی، ٹریلر اور کنٹینر کے درمیان پھنس گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد اسے باہر نکالا لیکن وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دوسرا زخمی شخص شہزاد ولد حیات محمد (عمر 22 سال، ساکن میانوالی) کو سر پر معمولی چوٹیں اور خراشیں آئیں۔ اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ٹیم نے مرحوم عابد حسین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے آر ایچ سی چنی گوٹھ پہنچا دیا۔








