ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواد)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، محمد عثمان خالد کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں شہر اور دیہی علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک مؤثر اور بلا امتیاز آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیرا فورس، کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکمے مشترکہ طور پر اس آپریشن کو انجام دیں گے۔ اس دوران بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے عارضی اور پختہ دونوں قسم کی تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا ہے، جس میں تمام محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ بروقت اور سخت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کا آغاز شہر کی بڑی سڑکوں سے کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کا سامان ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے اپنی تجاوزات خود ہی ختم کر دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں باقاعدہ قواعد و ضوابط مرتب کیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
اجلاس میں ‘ستھرا پنجاب پروگرام’ کے تحت صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور شہر، بڑی یونین کونسلز اور دیہی علاقوں کے لیے صفائی کے منصوبے طلب کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ تمام امور کی خود نگرانی کرے۔
اجلاس میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی، شہر کی خوبصورتی اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدسیہ ناز، مختلف اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔









