ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواداکبر) پراونشل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (PEOC) کی کور ٹیم نے کوآرڈینیٹر رانا عدیل کی قیادت میں ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا، جس کا مقصد ضلع میں پولیو کے خاتمے، ماحولیاتی چیلنجز اور ویکسینیشن کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔

ٹیم نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد سے ملاقات کی اور حالیہ مثبت ماحولیاتی نمونوں، ضلعی سطح پر درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی بات چیت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں، ٹیموں کی نگرانی اور والدین میں شعور بیدار کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

پی ای او سی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ فیلڈ اسٹاف کی تربیت اور بہتر نگرانی کے ذریعے ڈیرہ غازی خان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششیں مزید کامیاب ہوں گی۔

آئندہ مہمات پر مشاورت
اجلاس میں ستمبر 2025 میں متوقع ایچ پی وی (HPV) ویکسینیشن مہم کی تیاریوں پر بھی لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو ہر سطح پر بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمٰن اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

Shares: