وزیربلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی اور چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی اور دیگر ملزمان کے خلاف پولیس نے انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

مدعی مقدمہ حافظ سہیل احمد نے تھانہ فیروز آباد میں درخواست دی کہ وہ سرکاری ملازم ہے، اور 22 اگست کو شارع فیصل پر فائبر کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کررہا تھا کہ 3 گاڑیوں میں 20 سے 25 افراد آئے اور اس پر تشدد کیا، جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دیں۔

یف آئی آر میں اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، اور کہا گیا ہے کہ تشدد کرنے والوں کے نام فرحان غنی، قمرالدین، شکیل چانڈیو، سکندر اور روحان معلوم ہوئے ہیں، تشدد کرنے والے دیگر افراد کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتا ہوں،بعد ازاں فرحان غنی اور دیگر ساتھیوں نے تھانہ فیروز آباد پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ میرے بھائی فرحان غنی (ٹاؤن چیئرمین) اور کچھ ساتھیوں کا گزشتہ روز کسی سہیل نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا اور آج اس نے مقدمہ درج کروایا ہے، جو اس کا قانونی حق تھا فرحان غنی سمیت تمام افراد خود گرفتاری پیش کرکے قانون کا سامنا کرتے ہوئے عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔

https://x.com/SaeedGhani1/status/1959363847531192454

Shares: