خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں خاص طور پر شانگلہ اور بونیر میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پاک فوج کی امدادی ٹیمیں دن رات محنت کر رہی ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بونیر اور شانگلہ میں راشن، کھانے پینے کی اشیاء، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ فوج کی میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرین کے طبی معائنے اور ابتدائی علاج معالجے کے لیے تعینات کی گئی ہیں تاکہ صحت کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔متاثرہ علاقوں کے باشندوں نے پاک فوج کی قربانیوں اور ہمدردی کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مقامی لوگ پاک فوج کی امدادی کارروائیوں کو اپنی زندگیوں میں امید کی کرن قرار دے رہے ہیں۔
پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے متاثرین کو جلد از جلد اپنی زندگی معمول پر لانے میں مدد دی جائے گی۔








