بلوچستان حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا،اجلاس کے دوران سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت ہوگی، وسائل کی تقسیم میں شفافیت کو اہمیت دینا ہوگی،این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کی ضروریات اور ترجیحات اجاگر کریں گے، پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی،وسائل کی تقسیم میں شفافیت اور شمولیت کو اہمیت دینا ہوگی، این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے عوام کی امیدیں اور توقعات شامل ہونی چاہئیں۔

واضح رہے کہ 11واں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ اجلاس 29 اگست کو چیئرمین این ایف سی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ہوگا،اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سفارشات پر غور ہوگا اور ذیلی گروپس قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اجلاس میں مستقبل کے اجلاس کے حوالے سے شیڈول طے کیے جائیں گے۔

Shares: