لنڈی کوتل (تحصیل رپورٹر)پاک افغان سرحد تورخم پر مزدوروں کی نمائندگی کرنے والی رجسٹرڈ کمیٹی کے چیئرمین ذاکر عمر شینواری نے ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے تورخم بارڈر پر مزدوروں کو درپیش مسائل اور اپنی کمیٹی کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔
ذاکر عمر شینواری، جن کے ساتھ صحبت خان، اسد اللہ اور ولی اللہ بھی موجود تھے، نے بتایا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے تورخم بارڈر پر مزدوری کر رہے ہیں اور اب مزدور یونین کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ‘تورخم مزدور کمیٹی’ حکومتی اداروں کے ساتھ باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور یہ واحد یونین ہے جو حکومتی قوانین کے مطابق کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمیٹی صرف ان مقامی مزدوروں کو رجسٹرڈ کرے گی جو قانونی طور پر مزدوری کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بچہ یا خاتون اس کمیٹی میں رجسٹرڈ نہیں ہوں گے اور کمیٹی ایسے کسی بھی غیر قانونی کام کے ذمہ دار نہیں ہوگی جو کوئی غیر رجسٹرڈ یا غیر مقامی مزدور سرانجام دے۔
ذاکر عمر شینواری نے آخر میں کہا کہ تورخم میں اسلام آباد ٹوڈی اڈہ کے ساتھ ان کا دفتر ہے اور اگر کسی بھی مزدور کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ان کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔