کشمور (باغی ٹی وی،نامہ نگارمختیار اعوان)محسن انسانیت، سرورِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے سلسلے میں عقیدت، احترام اور جوش و خروش سے تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کشمور آغا شیر زمان جی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اہلسنت جماعت سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سید غضنفر علی شاہ، ڈی ایس پی سید اصغر علی شاہ، پاک آرمی اور رینجرز کے افسران و دیگر حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ربیع الاول کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے یکم ربیع الاول سے ڈی سی آفس میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی نے میونسپل کمیٹی اور دیگر اداروں کو ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی اور سٹریٹ لائٹس کے انتظامات مکمل کیے جائیں، جبکہ تمام حکام جلوسوں کے راستوں کا خود دورہ کریں تاکہ تمام انتظامات وقت سے پہلے مکمل ہو سکیں۔ سیپکو اور سوئی گیس حکام کو ہدایت دی گئی کہ ربیع الاول کے اجتماعات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی موجودگی یقینی بنانے کا کہا گیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی کو کھلے مین ہولز بند کرنے اور سرکاری عمارتوں، گلیوں اور اہم شاہراہوں کو سجانے کی بھی ہدایت کی گئی۔