ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواداکبر)ضلع ڈیرہ غازی خان میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی شان و شوکت سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور سرکاری و نجی عمارتوں پر جشنِ آزادی سے بڑھ کر چراغاں اور سجاوٹ کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور اتحاد بین المسلمین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حضور اکرم ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات اور سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولایت، ضلعی افسران، صدر میلاد کمیٹی صاحبزادہ انور حسن قریشی، سید ندیم حیدر نقوی، مولانا اقبال رشید، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں کی صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، روشنی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ میلاد النبی ﷺ کی تقریبات اور جلوسوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے سرکاری اور نجی عمارتوں، بازاروں اور چوکوں کو جشنِ آزادی سے بھی زیادہ خوبصورتی سے سجایا جائے۔

تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور سکیورٹی پلان پر سختی سے عمل کریں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل سطح پر بھی اجلاس منعقد کرنے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر علماء اور شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Shares: