سڈنی: آسٹریلیا کے سابق کرکٹ کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز مائیکل کلارک نے اپنی صحت کے حوالے سے ایک تشویشناک مگر اہم پیغام سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

کلارک نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے مداحوں کو جلد کے کینسر کے حوالے سے خبردار کیا اور اپنی ذاتی تجربے کی روشنی میں انہیں اپنی جلد کا معائنہ کرانے کی ہدایت دی۔مائیکل کلارک نے اپنے پیغام میں بتایا کہ جلد کا کینسر خاص طور پر آسٹریلیا میں ایک عام مگر سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا، "میرے ناک پر ایک اور کٹ پڑ گیا ہے، جو کہ جلد کے کینسر کی علامات میں سے ایک ہے۔”

سابق کپتان نے اپنی پوسٹ میں زور دیتے ہوئے کہا کہ "دوستانہ مشورہ ہے کہ اپنی جلد کا باقاعدگی سے معائنہ کرواتے رہو کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔” انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ان کے کیس میں باقاعدہ چیک اپ اور جلد کی تشخیص بہت اہمیت رکھتی ہے تاکہ کینسر کے کسی بھی خطرے کو جلد از جلد پہچانا جا سکے۔

یاد رہے کہ مائیکل کلارک کو چند سال قبل بھی جلد کے کینسر کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، لیکن اس وقت انہوں نے اس بارے میں عوامی طور پر کوئی اطلاع نہیں دی تھی۔ اب انہوں نے اس اہم مسئلے پر کھل کر بات کی ہے تاکہ عوام میں شعور اجاگر کیا جا سکے اور لوگ اپنی صحت کا بہتر خیال رکھیں۔

آسٹریلیا میں جلد کا کینسر دنیا میں سب سے زیادہ کیسز میں شمار ہوتا ہے، جس کی وجہ ملک میں سورج کی تیز شعاعیں اور لوگوں کی جلد کی حساسیت ہے۔ ماہرین صحت بھی لوگوں کو سورج کی حفاظت کرنے اور اپنی جلد کی نگرانی کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔مائیکل کلارک کی جانب سے یہ پیغام نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک وارننگ اور آگاہی کا باعث ہے کہ جلد کی حفاظت کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

Shares: