لنڈی کوتل(تحصیل رپورٹر) پشاور ہائی کورٹ کے سابق ایگزیکٹو ممبر قبیس شینواری ایڈووکیٹ نے چارسدہ میں قتل ہونے والے ایڈووکیٹ میاں عاصم شاہ کاکاخیل کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبیس شینواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء برادری اس بے حسی سے ہونے والے قتل پر شدید غم و غصہ میں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایڈووکیٹ عاصم شاہ کا قتل بغیر کسی وجہ کے انتہائی بے دردی سے کیا گیا ہے اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ اور دیگر ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ قبیس شینواری ایڈووکیٹ نے متنبہ کیا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہیں کیا گیا اور واقعے کی فوری اور صاف و شفاف تحقیقات نہیں کی گئیں تو وکلاء برادری سخت احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔

Shares: