ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے دفعہ 144 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حفاظتی انتظامات کے بغیر کشتیوں، فیریوں اور بیڑوں کے ذریعے دریائے راوی کو پار کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ پرائیویٹ آپریٹرز کو دریا عبور کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے (NOC) حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
دریائے راوی اور ضلع کی تمام نہروں و ندی نالوں میں نہانے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
دریا اور نہروں کے پلوں پر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو افراد سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی رہائش نہیں چھوڑیں گے، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔