راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا میں 7 سالہ بچی کی میت قبر سے اچانک غائب ہو گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ متوفی بچی کے والدین نے فوری طور پر تھانہ دھمیال کی چوکی پولیس کو درخواست دے کر واقعے کی رپورٹ درج کروائی ہے۔

بچی کے ماموں کا کہنا ہے کہ بچی کا 26 اگست کو انتقال ہوا تھا اور تیسرے دن دعا کے لیے قبر پر جانے پر انہیں کفن قبر سے باہر پڑا ملا، جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ اس واقعے نے علاقے میں شدید تشویش اور غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں نے اس افسوسناک واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ میت قبر سے کیوں اور کیسے غائب ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی انسانی مداخلت ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

دھمیال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قبر پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے ہیں تاکہ مزید وقوعات سے بچا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر قبر کی بے حرمتی کے واضح شواہد نہیں ملے، تاہم معزز عدالت سے اجازت لے کر قبر کشائی کی جائے گی تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔پولیس نے مزید کہا کہ قبر کشائی کا عمل جاری ہے اور اس کے بعد قانون کے مطابق تمام ممکنہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ انصاف یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: