سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے دربار عدالت شاہ روڈ، چوہنگ” کے مقام پر دریائے راوی کے سیلاب متاثرین کے لیے قائم الخدمت کی خیمہ بستی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور الخدمت رضاکاروں کی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔دورے کے دوران ضیاء الدین انصاری کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت مغیث شاہد قریشی نے خیمہ بستی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیمہ بستی میں روزانہ 700 سے 800 خاندانوں کو تازہ، صاف اور معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ طبی امداد، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی غربی لاہور علی ارتضی حسینی، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع لاہور غربی طارق علی چٹھہ، صدر جے آئی یوتھ فرحان اسلم سلیمی،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد، انچارچ خیمہ بستی غلام حسین بلوچ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے رضاکاروں نے دریائے راوی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سے 100 خاندانوں کو کامیابی سے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ راوی کا بند ٹوٹنے کی وجہ سے آس پاس کے تمام علاقے زیر آب آ گئے، جہاں کے لوگ بے یار و مددگار تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار دن رات متاثرین کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔ کھانے، خیمے، طبی امداد اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ملتان روڈ اور راوی کنارے پر ریسکیو کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ضیاء الدین انصاری نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کی ٹیمیں نہ صرف شہر میں بلکہ سیالکوٹ، نارووال، وزیرآباد، قصور اور دیگر نشیبی علاقوں میں بھی الرٹ ہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔آخر میں انہوں نے اہل خیر افراد، اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔

سیلاب متاثرین کے لیے الخدمت کی خیمہ بستی میں امدادی سرگرمیاں جاری

ممتاز حیدر8 گھنٹے قبل

کی طرف سے پوسٹ کیا گیاممتاز حیدر
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں
Follow @MumtaazAwan