لاہور کی مشہور رہائشی اسکیم پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ دریائے راوی میں پانی کے بڑھتے دباؤ کے باعث سوسائٹی کی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو فوری طور پر اپنے مکانات خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پارک ویو سوسائٹی کے پلاٹینم اور ٹیولپ بلاکس مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں، جب کہ سیلابی پانی تیزی سے دیگر بلاکس کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ڈائمنڈ، اوورسیز اور منڈی پوائنٹ بلاکس میں بھی پانی کی تیز رفتار آمد دیکھنے میں آ رہی ہے، جس سے مقامی رہائشی شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ریسکیو 1122،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار اور دیگر ایمرجنسی ادارے موقع پر پہنچ چکے ہیں اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کشتیاں، ایمبولینسیں اور دیگر ساز و سامان تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔پولیس علاقہ خالی کرنے کے اعلانات کر رہی ہے.

عینی شاہدین کے مطابق کرسٹل بلاک میں پانی اچانک داخل ہونے کے بعد صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔ بہت سے رہائشی اپنا سامان چھوڑ کر نکلنے پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ متعدد خاندان اب بھی اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سوسائٹی کی انتظامیہ اور مقامی رضا کاروں نے لوگوں سے بار بار اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر گھروں کو خالی کریں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

دریائے راوی کے کنارے واقع شاہدرہ کے علاقے میں بھی سیلابی صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، نچلے درجے کے درجنوں علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں، جبکہ دو سے تین مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب راوی دریا کے سیلاب کا پانی شاہدرہ کی نشیبی آبادیوں سے پہلے لاہور کے نواح میں بنائی گئی نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں مین چلا گیا۔ کئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تین فٹ تک پانی جمع ہو گیا۔ انتظامیہ ہاؤسنگ سوسائتیوں کو کل رات سے ہنگامی بنیادوں پر خالی کروا رہی ہے۔پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے آج بتایا کہ لاہور کے نواح میں واقع کچھ سوسائٹیزمیں مسائل تھے، یہ ہاؤسنگ سوسائٹیاں خالی کروالی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ سوسائٹیز میں تین سے چار فٹ پانی آیا۔چوہنگ کے قریب نجی سوسائٹی تھیم پارک سیلابی پانی میں گھر گئی۔ تھیم پارک سوسائٹی موہلنوال 80فٹ روڈ پر بھی پانی جمع ہے۔ پیرا فورس، پاک فوج سمیت دیگر ادارےانخلاء میں شہریوں کی مدد کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔تھیم پارک سوسائٹی اور قریب آبادیوں سے شہریوں کے انخلاء کا سلسلہ جاری ہے۔ سائرن اوراعلانات کےذریعےلوگوں کوگھروں سےنکالنےکی کوشش کی جا رہی ہے۔

Shares: