اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیر نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضاکار رات گئے تک سیلابی صورتحال کے دوران عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم رہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے راوی سے ملحقہ ماڑی پتن کے مقام پر موضع بھوجیاں میں لوگوں کے انخلا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے سلسلے میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

سول ڈیفنس کے اہلکار رات گئے تک ماڑی پتن اور گردونواح کے دیہات سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف رہے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سیلاب کے دوران اپنی حفاظت اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔

Shares: