شہر قائد میں مددگار 15 پولیس نے ایک چار سالہ بچے کے اغواء کی کوشش کو بروقت اطلاع اور فوری کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔

مددگار 15 کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ایک شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ کچھ افراد بچے کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اطلاع ملتے ہی مددگار 15 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور اطلاع دہندہ کی نشاندہی پر مشتبہ افراد کا تعاقب شروع کیا۔ پولیس کی تیز رفتاری اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ملزمان مجبور ہو کر بچے کو گاڑی میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بچے کو فوری طور پر اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ وہ محفوظ رہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے مشتبہ گاڑی کو علاقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کی جا سکیں۔

مددگار 15 پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر معمولی واقعہ کی صورت میں فوراً اطلاع دیں تاکہ ایسے سنگین واقعات کو بروقت روکا جا سکے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: