اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیرِ نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضا کار سیلابی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے ستلج سے ملحقہ نواحی علاقوں کنڈ بہڑ، ماڑی پتن، گوگیرہ، لکھن اور جندراکہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑا جنہیں سول ڈیفنس کے رضا کاروں نے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ اس دوران ریسکیو آپریشن میں عوامی تعاون بھی دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ عوام الناس کو اونچے درجے کے سیلاب سے بچانے کے لیے انخلائی آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضا کار پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے عوامی ریلیف کے لیے بڑھ چڑھ کر سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔