میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ) حکومت سندھ کے محکمہ ڈی ای پی ڈی اور میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، گلستان معذورین کے اشتراک سے مقامی بینکوئیٹ ہال میں افرادِ باہم معذورین میں اسسٹنس ڈیوائسز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر معذور افراد میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلیں، واکر اور اسٹک تقسیم کی گئیں جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو تمغہ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔
تقریب میں ڈپٹی میئر محترمہ سمیرا بلوچ، اے ڈی سی فیصل سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی حسن علی لغاری (پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن)، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی سرور علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زوہیب خانزادہ، ڈی ایس پی اسلیم جاگیرانی، صدر انجمن تاجران انیس الرحمن، نامزد ستارہ امتیاز برائے 2026ء صدر ڈی ڈبلیو اے کراچی جاوید رئیس، سرپرست ایم ایس ایس ڈبلیو اے آفاق احمد خان، بانی رکن لعل بلوچ، صدر قمرالدین ملک، سماجی رہنما محمد بخش کپری اور ٹنڈوالہیار، جھڈو سمیت میرپورخاص اور گردونواح کے معذور افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ایم ایس ایس ڈبلیو اے اور گلستان معذورین کو مستقل دفتر کی جگہ فراہم کی جائے گی تاکہ یہ خصوصی افراد اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی ترقی کے لیے استعمال کر سکیں۔ انہوں نے حکومت سندھ، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور محکمہ ڈی ای پی ڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا اور ایم ایس ایس ڈبلیو اے کے سرپرست آفاق احمد خان، بانی رکن لعل بلوچ، صدر قمرالدین ملک اور جنرل سیکریٹری صلاح الدین کی خدمات کو سراہا۔
تقریب سے آفاق احمد خان، جاوید رئیس، لعل بلوچ اور قمرالدین ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی جدوجہد کے نتیجے میں بلدیاتی انتخابات میں خصوصی نشستیں مختص کی گئیں جس سے اسپیشل افراد بلدیاتی اداروں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی معذور افراد کے لیے مخصوص نشستیں رکھی جائیں گی جس سے ان کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ مقررین نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت سندھ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طٰحہ فاروقی کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اے ڈی سی فیصل سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن علی لغاری، سرور علی، زوہیب خانزادہ، ڈی ایس پی اسلیم جاگیرانی، انیس الرحمن، جاوید رئیس اور سماجی رہنما محمد بخش کپری نے بھی خطاب کیا۔
قبل ازیں ایم ایس ایس ڈبلیو اے کے جے رام، فیصل، جمعہ خان، عمران، عرفان، نوید، صدر قمرالدین ملک، جنرل سیکریٹری صلاح الدین اور بانی رکن لعل بلوچ کو شاندار کارکردگی پر تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔
پروگرام میں اسپیشل نوجوان صدام راجپر نے سندھی گیت گا کر محفل کو محظوظ کیا جبکہ الیکٹرک وہیل چیئر حاصل کرنے والے بلال نے حاضرین کے سوالات کے ذہانت بھری گفتگو اور جوابات سے داد وصول کی۔