نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر) نارنگ منڈی کے سرحدی دیہات میں سیلابی پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم تباہی کے اثرات شدید ہیں۔ بی آر بی نہر اور دریائے راوی کے پار 70 کے قریب دیہات متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 46 ہزار ایکڑ زرعی رقبے پر کھڑی فصلیں، جن میں چاول، جوار، مکئی، سبزیاں اور جانوروں کا چارہ شامل ہے، مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق نقصانات کی مالیت کروڑوں روپے تک پہنچ چکی ہے۔
مسلسل بارشوں نے متاثرہ دیہات کے مکینوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری حسان ریاض، سابق ایم پی اے چوہدری واجد علی خاں، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ، ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر رانا اعجاز اور اسسٹنٹ کمشنر توصیف حسن نے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران اہل علاقہ نے انتظامیہ کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔
انتظامیہ کے مطابق دریائے راوی کے پار پھنسے درجنوں افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، مقامی فلاحی تنظیموں اور عوام کی مدد سے متاثرہ افراد کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور ہیڈ کوٹ بھیلاں کے مقام پر میڈیکل سمیت مختلف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پانی کی سطح میں کمی آ رہی ہے تاہم معمولات زندگی بحال ہونے میں مزید کئی دن لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب مسلسل بارشیں متاثرین کے لیے جلتے پر نمک کا کام کر رہی ہیں۔