وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وزیر آباد میں سیلاب متاثرین کے فلڈ ریلیف کیمپ کے دورے کے بعد متاثرین نے کیمپ میں فراہم کیا گیا کھانا کھا کر واپس جانا شروع کر دیا، اور کیمپ کو تالے لگا دیے گئے۔

مریم نواز کے دورے سے قبل سوہدرہ کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں سیلاب زدگان کے لیے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیا گیا تھا، جہاں خیمے، کرسیاں، گدے، دوائیاں اور کھانے کے انتظامات کیے گئے تھے تاکہ متاثرین کو تمام ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسکول میں قائم کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے متاثرہ بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا اور ان سے ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔مریم نواز نے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب ان کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تاہم، مریم نواز کے دورے کے بعد کیمپ کو بند کر کے سامان واپس بھجوا دیا گیا۔ متاثرین نے کھانا کھانے کے بعد کیمپ چھوڑ دیا اور کیمپ کے دروازے تالے لگا دیے گئے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ متاثرین کھانا کھانے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے ہیں، اور کل صبح دوبارہ ڈاکٹروں اور عملے کے ہمراہ کیمپ فعال کیا جائے گا۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی وضاحت کی کہ سیلاب متاثرین دن کے اوقات میں کیمپ آتے ہیں تاکہ کھانا اور طبی سہولت حاصل کر سکیں، مگر وہ طویل قیام کے لیے اپنے رشتہ داروں کے گھروں کو ترجیح دیتے ہیں۔

Shares: