افغانستان میں خوفناک زلزلے سے تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 1000 زخمی ہو گئے۔

افغان وزارت اطلاعات نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان صوبے کنڑ میں زلزلے سے 500 افراد جاں بحق اور 1000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں،افغانستان کے خبر رساں ادارے خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا تھا، یہ اموات نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں رپورٹ ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی یہ تعداد حتمی نہیں، کیونکہ دور دراز علاقوں کے مکینوں سے رابطے کا سلسلہ ابھی جاری ہے، ان اضلاع میں امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ زلزلے کے نتیجے میں ضلع نورگل کے کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے ہیں۔ امریکا کے جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اور مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیرزمین تھا، زلزلے کے بعد 4.5، 5.2، 5.2، 4.7 اور 4.3 شدت کے 5 مزید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں،انہوں نے بتایا کہ مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و بحالی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔

Shares: