وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدرمسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کیلئے پاکستان کے گہرے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چین کے شہر تیانجن میں ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ، وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے،وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر نے مختلف شعبوں میں تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا۔
ایرانی صدر نے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے ایران کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ، وزیراعظم نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 25ویں سربراہان مملکت کونسل اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور خاتون اول نے بھی شہباز شریف کا انتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے موقع پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، ملائیشیا کے صدر انور ابراہیم، بیلاروس کے صدر الیکزانڈر لوکاشینکو، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی،اس کے علاوہ شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان، تاجک صدر امام علی رحمان، ترکمانستان کے صدر بردی محمدیوو، کرغستان کے صدر سیدر ژاپاروف، مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران عالمی رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے غیر معمولی گرمجوشی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جو پاکستان اور ان ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہےاجلاس سے قبل منعقدہ استقبالیہ میں بھی چینی صدر اور ان کی اہلیہ نے وزیراعظم کا شاندار انداز میں استقبال کیا۔