گجرات کے بعد جھنگ میں بھی سیلاب متاثرین میں کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی
اشیا تقسیم کرنے سے پہلے انتظامیہ سے تحریری اجازت لینا ہو گی، 30 دن کیلئے دفعہ 144 نافذکر دیا گیا،دفتر ڈپٹی کمشنر جھنگ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت ضلع جھنگ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسی بھی غیر سرکاری، غیر مجاز افراد، تنظیموں یا این جی اوز کی جانب سے بغیر اجازت کھانے، پینے کی اشیاء اور امدادی خوراک کی تقسیم پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر جھنگ، علی اکبر بھنڈر کے دستخط سے جاری ہونے والے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بعض نامعلوم افراد و تنظیمیں بغیر جانچ پڑتال کے کھانے پینے کی اشیاء سیلاب متاثرین میں تقسیم کر رہی ہیں، جو کہ عوامی صحت کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر انسانی زندگیوں کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
حکم نامے میں دفعہ 144 تعزیرات پاکستان (پنجاب ترمیمی ایکٹ 2024) کے تحت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب کوئی بھی پکا یا کچا کھانا، فوڈ ہیمپر، پانی، دودھ یا دیگر خوردنی اشیاء سیلاب متاثرہ علاقوں میں اس وقت تک تقسیم نہیں کی جا سکیں گی جب تک کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی یا ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ سے تحریری منظوری نہ حاصل کر لی جائے۔یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور 30 دن تک مؤثر رہے گا۔ عوام الناس کو اس حکم کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے اسے سرکاری گزٹ، روزنامہ اخبارات، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں بطور خبر نشر و شائع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔