سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری کرچکی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں جتنا سیلابی پانی آنے کا خدشہ تھا، پانی اس سے کم ہے، لگتا ہے ہمیں کہیں کٹ نہیں لگانا پڑے گا، سندھ حکومت سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی مکمل تیاری کرچکی ہےسندھ حکومت نے سیلاب کے حوالے سے اقدامات کر لیے ہیں، اب تک 94 ہزار لوگوں کو کچے کے علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے،حکومت سندھ کی اولین ترجیح عوام کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہے۔ آج گڈو بیراج کے اپ اسٹریم میں 3 لاکھ 42 ہزار کیوسک پانی موجود ہے جبکہ بھارت کی جانب سے مزید 5 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر متاثرین کی بھرپور امداد کی جا رہی ہے، وزیراعلی سندھ ذاتی طور پر صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں،سندھ حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے کہ لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچایا جائے، سیلاب سے متعلق مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے، ہر ایک چیز کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، ابھی تک وفاقی حکومت یا این ڈی ایم اے سے مدد کی ضرورت نہیں پڑی۔

وزیراعلیٰ کے پی کے ڈیم سے متعلق بیان پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم سے متعلق علی امین کے بیان پر پی ٹی آئی کہہ چکی کہ وہ ان کی اپنی رائے ہے، جس کے بیان کو اس کی جماعت نہیں مان رہی تو ہم کیوں اہمیت دیں۔

Shares: