پنجاب کے مختلف شہروں میں حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی صورتحال برقرار ہے جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
بہاولپور کی تحصیل خیرپور ٹامیوالی کے علاقے بونگہ رمضان میں رابطہ سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوب جانے سے آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہوگئی۔ اسی وجہ سے ایک جنازہ کشتی کے ذریعے قبرستان منتقل کرنا پڑا۔ اس موقع پر لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا تاہم ریسکیو اہلکاروں نے مدد فراہم کر کے جنازے کو بحفاظت قبرستان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کی بلند سطح نے روزمرہ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، اسکول، دفاتر اور بازار بھی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔
ادھر جھنگ کے علاقے کھوڑاں باقر میں بھی سیلاب متاثرین نے آمد و رفت کے لیے عارضی اور غیر روایتی ذرائع اپنانا شروع کر دیے ہیں۔ مقامی افراد نے ٹائروں اور ٹیوبز کا سہارا لے کر پانی میں سفر کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ بنیادی ضروریات زندگی جیسے خوراک اور ادویات تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔متاثرہ شہریوں نے حکومت سے فوری امدادی اقدامات اور پانی کے اخراج کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔