ممبئی پولیس نے ایک 51 سالہ نجومی کو واٹس ایپ پر دھماکوں کی سنگین دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت اَشوِنی کمار کے نام سے ہوئی ہے جو ویدک نجوم اور واسطو کنسلٹنٹ ہے اور بنیادی طور پر بہار کے پٹنہ کے علاقے پٹلی پترہ کا رہائشی ہے۔

پولیس کے مطابق اَشوِنی کمار گزشتہ پانچ برس سے نوئیڈا کے سیکٹر 79 میں اپنے والدین کے ساتھ مقیم ہے۔ اس کے والد سریش کمار محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ افسر ہیں جبکہ والدہ پربھاوتی گھریلو خاتون ہیں۔اطلاعات کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم کو واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر ایک پیغام موصول ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ 14 دہشت گرد شہر میں گھس چکے ہیں اور ان کے پاس 400 کلوگرام آر ڈی ایکس موجود ہے۔ پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ دھماکے ’لشکر جہادی‘ نامی تنظیم کی جانب سے کیے جائیں گے اور 34 گاڑیوں میں بارودی مواد نصب ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیغام موصول ہوتے ہی شہر میں ہنگامی سکیورٹی اقدامات شروع کردیے گئے۔ انسدادِ دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) سمیت دیگر حساس اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ، پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں

Shares: