گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل)گوجرہ میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر "جشن صبحِ بہاراں” کا آغاز بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔ اس مناسبت سے شہر بھر میں نعتیہ محافل، محفل میلاد شریف اور قصیدہ بردہ شریف کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
جشن کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ درود و سلام کی صداؤں سے فضاء معطر رہی۔ مرکزی جلوس کا استقبال میونسپل کمیٹی کے مرکزی گیٹ پر اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر، چیف آفیسر سید یاسر علی شاہ اور میونسپل کمیٹی کے عملے نے کیا، جہاں شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں پانی کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا۔
مرکزی جلوس جامعہ چراغیہ کے پیر سید عثمان علی شاہ کی قیادت میں نکالا گیا، دوسرا بڑا جلوس پیر سید اسرار البہار شاہ اور تیسرا بڑا جلوس پیر عتیق الرحمان گھمکول شریف کی قیادت میں برآمد ہوا، جبکہ گلی محلوں سے بھی متعدد چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے۔
شہر بھر میں جشن ولادت کے موقع پر ہر طرف خوشی کی فضا قائم ہے اور بچے، جوان اور بوڑھے سب سرور و مسرت کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔