سیالکوٹ ( باغی ٹی وی ، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا سیلاب متاثرہ علاقہ بجوات کے موضع صدر پورہ کا دورہ
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقہ بجوات کے موضع صدر پورہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ مکینوں سے ملاقات کی اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مکینوں کی املاک، مال مویشی اور علاقائی انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا بغور معائنہ کیا اور متاثرہ افراد کی مشکلات کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات دیں۔

اس دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے غیر سرکاری فلاحی تنظیموں کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں میں ایل پی جی گیس سلنڈر، چولہے، مچھر دانیاں اور راشن بیگز تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور سول سوسائٹی دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام ادارے بشمول ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ دن رات بحالی اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ تاہم، اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کا ازالہ صرف حکومت کی بس کی بات نہیں، اس کے لیے فلاحی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے فلاحی تنظیموں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جذبہ خدمت کے ساتھ انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم سب مل کر سیلاب سے متاثرہ بھائی بہنوں کی داد رسی کریں اور ان کے دکھوں کو بانٹیں۔

Shares: