ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ٹی20 ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے۔
ٹرافی کی رونمائی منگل کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کی گئی جس میں تمام ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی، اس موقع پر میڈیا سینٹر پر بھی خوب گہما گہمی نظر آئی جبکہ پاکستان اور بھارتی کپتانوں کی نظروں کا ملاپ اور مصافحہ مرکز نگاہ رہا ،اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے، ایشیا کپ پریس کانفرنس میں کپتانوں کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں ۔
ایونٹ کی انعامی رقم سے متعلق ابھی باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں ہوا ہے تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق فاتح ٹیم کو تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر ملیں گے،رنرز اپ کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جانے والے ایشیاکپ 2025 میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے.گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔