گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ میں پیش آنے والے متعدد سنگین واقعات میں ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا، ایک دوشیزہ سے زیادتی کی کوشش کی گئی اور پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔

کزن کا قتل، پولیس کو دھوکہ دینے کی کوشش
چک نمبر 241 گ ب گڑھا کا رہائشی وسیم اکرم اپنے کزن عبداللہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر واپس گاؤں جا رہا تھا کہ مونگی بنگلہ کے قریب عبداللہ نے اسے پستول سے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ وسیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

عبداللہ نے پولیس کو فون کر کے بتایا کہ ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کیا ہے، لیکن صدر پولیس گوجرہ نے موقع پر پہنچ کر شواہد کی بنیاد پر عبداللہ کو حراست میں لے لیا اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق، قتل کی وجہ لین دین کا تنازع ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

گھر میں گھس کر زیادتی کی کوشش
ایک اور واقعے میں، چک نمبر 338 ج ب کے رہائشی شیر محمد نے تھانہ نواں لاہور میں مقدمہ درج کروایا ہے کہ اس کی 18 سالہ بیٹی صابراں بی بی گھر میں اکیلی تھی کہ گاؤں کا ایک اوباش نوجوان آصف گھر میں گھس آیا اور اس کے ساتھ زبردستی زیادتی کی کوشش کی۔ لڑکی کے شور مچانے پر ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس مقابلہ، ایک زخمی ملزم گرفتار
دریں اثناء، سی سی ڈی پولیس گوجرہ کی ٹیم نے چک نمبر 371 ج ب مونگی روڈ پر گشت کے دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کیا تو اینی پلی کے قریب دونوں ملزمان موٹر سائیکل سے گر گئے۔ ایک زخمی ملزم محمد آصف سکنہ چک نمبر 510 گ ب کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جو کہ مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔

Shares: