بھارتی جیلوں سے رہائی پانے والے 67 پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے۔ بھارتی حکام نے تمام پاکستانیوں کو باقاعدہ دستاویزی کارروائی کے بعد پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق وطن واپس آنے والوں میں 19 عام شہری اور 48 ماہی گیر شامل ہیں، جنہیں مختلف اوقات میں بھارت میں غیر ارادی طور پر سرحد عبور کرنے یا سمندری حدود کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا۔واہگہ بارڈر پر رہائی پانے والوں کا استقبال پاکستانی حکام نے کیا۔ اس موقع پر ان کے چہروں پر خوشی اور جذبات واضح طور پر نمایاں تھے۔ وطن واپس آنے والے شہریوں نے جذباتی انداز میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا "زندہ سلامت اپنے پیاروں کے پاس واپس آنا ہماری خوش نصیبی ہے، کئی سالوں کے بعد آزادی کی فضا میں سانس لینا ایک خواب سا لگتا ہے۔”

پاکستانی ہائی کمیشن نے بتایا کہ واہگہ-اٹاری سرحد پر پاکستانی افسران اور عملہ تمام افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے موجود تھا تاکہ ان کی واپسی آسان اور باعزت طریقے سے ممکن بنائی جا سکے۔

پاکستانی وزارت خارجہ اور ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن سفارتی اور قانونی کوششیں جاری رکھے گی، اور انسانی بنیادوں پر ان کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔”

Shares: