ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر)صدیق آباد کالونی کی گلیاں گندے پانی سے بھر گئیں،شہری اذیت کا شکار
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی صدیق آباد کالونی گندگی اور محکمانہ غفلت کا ڈیرہ بن گئی۔ گلیاں اور راستے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، گھروں کے اندر تک بدبو اور تعفن نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔
بچے ننگے پاؤں چھپڑوں میں کھیلنے پر مجبور اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ بارش کے بعد گھروں میں پانی داخل ہونے سے دیواروں پر نمی اور بیماریوں کے جراثیم پھیل رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں ٹائیفائیڈ، ہیضہ اور ڈینگی جیسی وبائیں پھوٹ سکتی ہیں۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث لگائی گئی سیوریج لائنیں ناکارہ ہو چکی ہیں۔ عوام کی فریاد ہے کہ اعلیٰ حکام اور وزیر اعلیٰ پنجاب فوری نوٹس لیں۔ شہری سوال اٹھا رہے ہیں: آخر ان 30 ہزار افراد کو بنیادی سہولتیں کب ملیں گی؟