مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے خیر سادات میں سیلابی پانی پر کٹ لگانے پر جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑے کے دوران فریقین کی جانب سے ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں پانی چھوڑنےکی کوشش پر جھگڑا ہوا۔ دوسری جانب بہاول پور کی تحصیل احمد پور شرقیہ بھی سیلاب کی زد میں ہے، 100 سے زائد گاؤں ڈوب گئے۔ ادھر دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ مسلسل تیز ہو رہا ہے۔

دوسری جانب ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں دریائے چناب پر سُپربند میں 80 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا،شگاف پُر کرنے والے 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے ، ریسکیو کے عمل کے دوران 2 مزدوروں کو بچا لیا گیا جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔شگاف پُر کرنے کے لیے مشینری طلب کرلی گئی، بند ٹوٹنے سے بستی مٹھو ، سومن اور بستی بنگالا متاثر ہوگئے، متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے ۔

یاد رہے کہ ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کو بھی چاروں جانب سے سیلابی پانی نے گھیر لیا ہے اور شہر کو بچانے کے لیے عوام کا ہنگامی بنیادوں پر انخلا جاری ہے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے کہ جلال پور پیروالا کے چاروں اطراف پانی ہے، تحصیل جلالپور کے 90 فیصد نواحی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔

Shares: