خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت اور عالمی اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ آب علاقوں کے لیے بجلی کے بل فوری طور پر معاف کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں پر معاشی بوجھ کم کیا جا سکے۔ بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے تاکہ کھڑی فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ ہو اور کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے سیلاب زدہ خاندانوں کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہنگامی ریلیف پیکج دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرہ خاندان فوری مالی معاونت حاصل کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے عالمی اداروں سے بھی فوری رابطوں پر زور دیا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر امدادی فنڈز اور وسائل فراہم کیے جا سکیں۔ آصفہ بھٹو کے مطابق پیپلز پارٹی اس ضمن میں قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں قراردادیں پیش کرے گی تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔







