سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو ) جنوبی پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث جاری ریسکیو آپریشن میں سیالکوٹ کی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک 3000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے باغی ٹی وی کو بتایا کہ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے دستے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان میں ملتان کے علاقے جلال پور، بہاولپور کے اوچ شریف اور مظفر گڑھ کے علی پور میں ریسکیو ٹیمیں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔

ریسکیو آپریشن میں سیالکوٹ سے 19 ریسکیو بوٹس اور 38 ریسکیورز شامل ہیں۔ انہوں نے نہ صرف 3000 سے زائد لوگوں کو بچایا ہے بلکہ 100 سے زائد جانوروں اور قیمتی املاک کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے ریسکیورز مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریلیف سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور متاثرین کے گھروں تک راشن بھی پہنچا رہے ہیں۔

انجینئر نوید اقبال نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے حاضر رہے گی۔

Shares: