چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیروالا (ملتان) میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سیلابی صورتِ حال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، انہوں نے سول انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی فلاح پر مبنی ترقی کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو تیز کرنا ہوگا۔

سیلاب متاثرین سے ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انہیں مکمل تعاون اور بروقت بحالی کی یقین دہانی کرائی، متاثرین نے بروقت امداد پر پاک فوج سے دلی تشکر کا اظہار کیا،آرمی چیف نے ریسکیو آپریشنز میں مصروف پاک فوج کے جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں کے جذبے، بلند حوصلے اور دن رات کی محنت کو سراہا انہوں نے کہا کہ سول اور فوجی اداروں کی مشترکہ کاوشیں عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے لاہور-قصور اور ملتان-جلالپور پیروالا کے سیلابی علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصان اور ریلیف سرگرمیوں کا براہِ راست معائنہ کیا جا سکے،دورے پر آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر لاہور اور کور کمانڈر ملتان نے کیا جبکہ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

Shares: