سرگودھا (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) سرگودھا پریس کلب کا ایک اہم اجلاس صدر عبدالحنان چوہدری کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں کلب کے اندرونی معاملات اور مستقبل کے منصوبوں پر کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن اور نعت سے ہوا جس کے بعد سابقہ کارروائی اور مالیاتی رپورٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کرایہ داروں کو واجب الادا کرائے ادا کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دی گئی اور بصورتِ دیگر دکانیں سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کلب کی مینٹیننس کے لیے طارق قریشی، رانا محمد عارف اور جاوید گجر پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی جو کلب کے مین گیٹ، چھت اور دیگر فوری مسائل کو حل کرے گی۔ نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں شیخ محمد رضوان، شاہین فاروقی اور شہزاد شیرازی شامل ہیں، یہ کمیٹی 10 دن میں ضابطہ اخلاق تیار کرے گی۔

اجلاس میں نئی ممبرشپ کے لیے موصول ہونے والی 53 درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نئی ممبرشپ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 ستمبر مقرر کی گئی ہے اور آئین و ضوابط کے مطابق ہی ممبرشپ دی جائے گی۔

اجلاس میں مبینہ طور پر پنجاب حکومت کی 25 لاکھ روپے کی گرانٹ رکوانے کے معاملے میں صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری نے موصولہ درخواست کو مسترد کر دیا۔ ایگزیکٹو باڈی نے فنڈ ریزنگ، بہبود فنڈ، سپورٹس گالا اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد کی بھی منظوری دی۔

صدر عبدالحنان چوہدری اور جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کلب ایک جمہوری ادارہ ہے اور اراکین کو ٹیم ورک کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ صحافی کالونی کی تکمیل اور ممبران کی فلاح و بہبود کے منصوبے پورے کیے جا سکیں۔ اجلاس میں مجلسِ عاملہ کے اراکین نے صدر اور سیکرٹری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس کے اختتام پر ممبران کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

Shares: