قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف عرب و اسلامی ممالک ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوگئے، مسلم دنیا نے قطر کو مکمل تعاون اور اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کی یقین دہانی کرادی۔

ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ قطر پر اسرائیل کا بزدلانہ اور غیرقانونی حملہ قابلِ مذمت ہے، مسلم ممالک قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس کے ردعمل کی حمایت کرتے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ قطر پر اسرائیلی جارحیت خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہے، غیرجانبدار ثالث پر حملہ امن کی کوششوں کے لیے خطرہ ہے، جبکہ مزید حملوں کی دھمکیوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔

قطر کے مہذب اور دانشمندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے اعلامیے میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی کوششوں کی حمایت کی گئی۔

مشترکہ اعلامیہ کے اہم نکات:

قطر پر اسرائیلی حملے کو "بزدلانہ اور غیرقانونی” قرار دیا گیا۔
امن مذاکرات سبوتاژ کرنے والے فریق کو عالمی قوانین کا پابند بنانے کا مطالبہ۔
واضح کیا گیا کہ ثالثی ناکام ہوئی تو خطے میں انتشار بڑھے گا۔
مسلم دنیا نے متفقہ طور پر کہا: "قطر کی سالمیت مقدم ہے”۔
اسرائیل سے عالمی قوانین اور سفارتی اصولوں کی پاسداری کا مطالبہ۔
عالمی برادری سے اپیل کہ اسرائیل کے خلاف موثر سفارتی، قانونی اور معاشی اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل نے تمام ریڈ لائنز عبور کرلی ہیں، اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر جوابدہ بنانا ہوگا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مسئلہ فلسطین کے حل اور صہیونی جارحیت روکنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

دوحہ میں ہونے والے اس اجلاس میں او آئی سی اور عرب لیگ کے رکن ممالک سمیت 50 سے زائد ملکوں کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ترک صدر رجب طیب اردوان، فلسطینی صدر محمود عباس، عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

سربراہی اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ نے قرارداد کے مسودے کو حتمی شکل دی جس میں کہا گیا کہ قطر پر حملے نے اسرائیل اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات قائم کرنے کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور موجودہ معاہدے بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں، لہٰذا عرب و اسلامی ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

اسرائیلی حملہ دہشت گردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایرانی صدر

امریکی وزیر خارجہ کا اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان

انسانیت کے خلاف جرائم پر اسرائیل کوجوابدہ ہونا ہوگا، شہباز شریف

دوحہ میں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی اہم ملاقات

Shares: