میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری) گھوٹکی ضلع کے تمام تعلقوں میں آٹے کی قیمت میں 60 روپے فی کلو کے ظالمانہ اضافے کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ خانپور مہر، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی، اوباڑو، سرحد، گھوٹکی، جروار، یارو لنڈ اور داد لغاری میں شہریوں نے فلور ملوں کے سامنے مظاہرے کیے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلے آٹے کی قیمت 60 روپے فی کلو تھی، لیکن اب یہ بڑھ کر 120 سے 125 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے غریب اور مزدور طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
شہریوں نے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قلت اور ناجائز منافع خوری نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ایکشن لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔