وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر قیادت کچے کے علاقوں میں آپریشن سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن اور دیگر نے شرکت کی،اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کچا ڈوب گیا ہے اور قانون شکن کچے سے باہر آئے ہوں گے، ان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کیے جائیں۔

وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ اکتوبر 2024ء سے ٹیکنالوجی کے ذریعے کچے میں آپریشن تیز کیا گیا اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر 760 ٹارگٹڈ آپریشن اور 352 سرچ آپریشن کیے ہیں، آپریشن میں مارے گئے ڈکیت میں 10 سکھر، 14 گھوٹکی، 46 کشمور اور 89 شکارپور کے شامل ہیں۔ 823 ڈکیتوں کو گرفتار کیا اور 8 اشتہاری ڈکیت مارے گئے۔ آپریشن کے دوران 962 مختلف نوعیت کے ہتھیار برآمد کیے گئے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا منصوبہ بنائیں۔انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ کچے میں سڑکیں، اسکول، اسپتال، ڈسپنسری اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Shares: