کراچی کے علاقے کورنگی میں شادی والے دن لاپتا ہونے کے بعد چند روز بعد گھر واپس آنے والے نوجوان کا بیان پولیس کے سامنے آگیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے گھر سے نکلا تھا کیونکہ وہ اس رشتے پر راضی نہیں تھا جو اس کے والدین طے کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے بتایا کہ شادی کے دباؤ اور ذہنی پریشانی کے باعث اس نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور کئی دن تک سڑکوں پر وقت گزارتا رہا۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ نوجوان کو کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ وہ خود فرار ہوکر شہر کے مختلف علاقوں میں رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اور اس کے اہلخانہ سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ معاملے کی تمام پہلوؤں سے جانچ کی جا سکے۔

یاد رہے کہ 11 ستمبر کو شادی والے دن نوجوان دلہا تیار ہونے کے لیے سیلون گیا تھا لیکن کچھ دیر بعد اہلخانہ کو اطلاع ملی کہ وہ سیلون نہیں پہنچا۔ اس واقعے پر دلہا کے والد کی مدعیت میں تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں اغوا کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب صورتحال واضح ہوگئی ہے کہ نوجوان نے اپنی مرضی سے شادی سے انکار کرتے ہوئے گھر چھوڑا تھا، تاہم قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مقدمے میں مزید پیش رفت سامنے آئے گی۔

Shares: