میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ایک اور بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے بھینس کالونی کو مہران ہائی وے سے ملانے والے پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ عظیم پورہ انٹرسیکشن پر 682 میٹر طویل پل تعمیر کیا جائے گا تاکہ شہری شاہ فیصل کالونی کے ٹریفک میں پھنسے بغیر براہِ راست شاہراہ فیصل تک رسائی حاصل کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ شہریوں کے لیے 100 دنوں میں مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ مرغی خانہ کے مقام پر بھی ایک نیا پل تعمیر کیا جائے گا جو چھ ماہ میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نیت اور فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی تنظیمی رکاوٹ حائل ہے، ہم عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں۔
پانی کی فراہمی سے متعلق بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ حب ڈیم سے کراچی کے لیے پانی کا کوٹہ 100 ایم جی ڈی سے بڑھا کر 200 ایم جی ڈی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حب ڈیم سے اضافی 100 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کے لیے درکار انفرا اسٹرکچر 31 دسمبر تک مکمل کردیا جائے گا جبکہ نئی حب کینال ساڑھے 9 ماہ میں تیار ہوگی۔میئر کراچی نے اس موقع پر حالیہ بارشوں میں حب کینال کو پہنچنے والے نقصان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 20 میٹر حصہ متاثر ہوا تو شور مچادیا گیا، لیکن دوسری جانب جب ملتان کی موٹروے بارشوں میں بہہ گئی تو وہاں اس طرح کے تبصرے سامنے نہیں آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی اندرونی گلیوں کی تعمیر و مرمت کے کام جاری ہیں، پرانی مارکیٹوں کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت آباد میں منعم ظفر جن سڑکوں کا افتتاح کرتے ہیں وہ بار بار ٹوٹ جاتی ہیں لیکن ان کی جانب سے اس پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاتا۔








