اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور فیصل ولید اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد انعم علی خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) کے جاری منصوبوں کی نگرانی کی جائے اور ریونیو سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت جاننے کے لیے تواتر سے فیلڈ وزٹس کیے جائیں۔
احمد عثمان جاوید نے تمام افسران پر زور دیا کہ عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔







