اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) صوفیائے کرام اور اولیائے عظام کی سرزمین اوچ شریف کے تاریخی مزارات بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہیں، جس کے باعث زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مزارات میں مخدوم سید بدرالدین، مخدوم سید جلال الدین بخاری شرخپوش، مخدوم سید جہانیاں جہاں گشت بخاری، مخدوم سید فضل الدین لاڈلا بخاری، مخدوم سید صدرالدین راجن قتال بخاری، مخدوم سید محبوب سبحانی گیلانی قادری، مخدوم سید صفی الدین حقانی گازرونی اور بی بی جیوندی کے مزارات شامل ہیں، جہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔

زائرین کے مطابق مزارات پر پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باعث وہ اپنی گاڑیاں غیر محفوظ مقامات پر کھڑی کرنے پر مجبور ہیں جس سے چوری یا نقصان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ صاف پانی کی سہولت بھی ناکافی ہے، بعض مقامات پر نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس عرصے سے غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے زائرین غیر معیاری پانی پینے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح جدید سیکیورٹی نظام، سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور تربیت یافتہ اہلکاروں کی عدم دستیابی سے بھی زائرین عدم تحفظ کا شکار رہتے ہیں۔

زائرین نے شکوہ کیا کہ "ہم یہاں روحانی سکون کے لیے آتے ہیں لیکن سہولیات کی کمی ہمارے سفر کو متاثر کرتی ہے۔” ان کے بقول، مزارات کے اندر رکھے گئے صندوق بکس بھی زائرین پر چندہ دینے کا دباؤ ڈالتے ہیں جو ایک اضافی بوجھ ہے۔

مقامی شہریوں نے محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پارکنگ زونز، جدید سیکیورٹی آلات اور مستقل بنیادوں پر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مزارات نہ صرف روحانی اہمیت کے حامل ہیں بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ مقامی تاجروں نے بتایا کہ "اگر سہولیات بہتر ہوں تو زائرین کی تعداد بڑھے گی جس سے کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔”

محکمہ اوقاف کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مالی وسائل کی کمی اور انتظامی مسائل کے باعث تاخیر ہوئی ہے تاہم زائرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق جلد ہی فلٹریشن پلانٹس بحال کیے جائیں گے اور سیکورٹی نظام میں بہتری لائی جائے گی۔

زائرین اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور چیئرمین محکمہ اوقاف سے مطالبہ کیا ہے کہ سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ اوچ شریف کے مزارات پر آنے والے لاکھوں عقیدت مند سہولت اور اطمینان کے ساتھ اپنی روحانی وابستگی ادا کر سکیں۔

Shares: