رواں سال 2025کا دوسرا سورج گرہن 21 اور 22 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا ، پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔

محکمہ موسمیات کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق سال 2025 کے دوسرے سورج گرہن کا آغاز 21ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 30 منٹ پر ہوگا اور 22 ستمبر کو رات 12 بجکر 42 منٹ پر سورج گرہن اپنے عروج پر ہوگا جزوی سورج گرہن کا اختتام رات 2 بجکر 55 منٹ پر ہوگا پیسیفیک، اٹلانٹک، انٹارکٹیکا اور آسٹریلیا کے کچھ حصوں میں سورج گرہن دیکھا جاسکے گا،رواں سال کا دوسرا سورج گرہن بھی پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا ۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند گرہن کا دلکش نظارہ ہوا تھا۔

زمین پر سورج گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند دورانِ گردش زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے سورج کا مکمل یا کچھ حصہ دکھائی دینا بند ہو جاتا ہے۔ اس صورت میں چاند کا سایہ زمین پر پڑتا ہے۔ چونکہ زمین سے سورج کا فاصلہ زمین کے چاند سے فاصلے سے 400 گنا زیادہ ہے اور سورج کا محیط بھی چاند کے محیط سے 400 گنا زیادہ ہے، اس لیے گرہن کے موقع پر چاند سورج کو مکمل یا کافی حد تک زمین والوں کی نظروں سے چھپا لیتا ہے۔

سورج گرہن ہر وقت ہر علاقے میں نہیں دیکھا جا سکتا، اس لیے سائنسدانوں سمیت بعض لوگ سورج گرہن کا مشاہدہ کرنے کے لیے دور دراز سے سفر طے کرکے گرہن زدہ خطے میں جاتے ہیں۔ مکمل سورج گرہن ایک علاقے میں تقریباً 370 سال بعد دوبارہ آ سکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ سات منٹ چالیس سیکنڈ تک برقرار رہتا ہے۔ البتہ جزوی سورج گرہن کو سال میں کئی دفعہ دیکھا جا سکتا ہے،یورپ میں دیکھا گیا 1999ء کا مکمل سورج گرہن تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا سورج گرہن تھا۔

Shares: